اسلام آباد (طلوع نیوز)محکمہ موسمیات نےملک کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
رات گئے نمائش، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، سپرہائی وے، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن اور نارتھ کراچی میں برسات سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ آج حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، مٹھی، پڈعیدن، عمرکوٹ، سانگھڑ اور میرپورخاص میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بادل برس سکتے ہیں ، مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز بارش سے کشمیر، ڈیرہ غازی خان، کوہلو، سبی اور بارکھان کے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور مرطوب ہے تاہم محکمہ موسمیات نے کوئٹہ، ژوب، زیارت، بارکھان، ہرنائی،قلات، لسبیلہ اورخاران میں بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔این ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران 9 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں، پنجاب میں 5 اور خیبرپختونخوا میں 2 افراد جان سے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 25 جون سے اب تک بارشوں سے ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں سے 30 مرد، 15 خواتین اور 31 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ 48 اموات پنجاب، 20 خیبرپختونخوا میں ہوئیں، بلوچستان سے 5 اور آزاد کشمیر سے 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔
این ڈی ایم اے نے مزید بتایا ہے کہ بارشوں سے 133 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 49 مرد، 38 خواتین اور 48 بچے شامل ہیں، ملک بھر میں 78 گھروں کو نقصان پہنچا، ملک کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔






