پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن سے مذاکرات کو تیار ہیں، وزیراعظم کی مفاہمتی پیشکش اب بھی موجود ہے: رانا ثنااللہ

0
467

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ جمہوری نظام میں مسائل کا حل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، اسی لیے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ’’میثاقِ استحکامِ پاکستان‘‘ کی پیشکش اب بھی موجود ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ سیاسی ڈائیلاگ کے حوالے سے تحریک انصاف نے بتایا ہے کہ پارٹی کے اندر اس معاملے پر مشاورت جاری ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے بھی حکومت کو اپنی اندرونی مشاورت مکمل ہونے کے بعد جواب دینے کا کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی معاملات میں فیلڈ مارشل کے کردار پر اپوزیشن نے بھی تعاون کیا اور حکومت آج بھی اپوزیشن کے ساتھ سیاسی مشاورت اور مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس چھوٹ کے معاملے پر اپوزیشن نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی وفد نے متعلقہ فریقین سے مذاکرات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئی ایم ایف سے بات چیت کے ذریعے ٹیکس سے متعلق مسائل کے حل کی کوشش کی جائے گی اور ختم ہونے والی ٹیکس چھوٹ کو برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو کسی معاملے پر تحفظات ہیں تو حکومت ان کے خدشات دور کرنے کی کوشش کرے گی۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے مطالبے کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ معاملہ عدالتوں میں زیرِ سماعت ہے اور اس کا فیصلہ بھی عدالت ہی کرے گی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تمام ضروری سہولیات اور ماہر ڈاکٹرز دستیاب ہیں اور ان کی بہترین طبی نگہداشت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا