قطر کی جانب سے تحفے میں دیا گیا لگژری بوئنگ 747 طیارہ باضابطہ طور پر امریکی صدارتی بیڑے میں شامل کر لیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں امریکی صدر Donald Trump نے شرکت کی اور نئے طیارے کی رونمائی کی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں سکیورٹی اور جدید تکنیکی نظاموں کی تنصیب کے لیے 90 کروڑ ڈالر سے زائد خرچ کیے گئے ہیں۔ نیا ائیر فورس ون جلد آزمائشی پرواز کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ نیا ائیر فورس ون 35 سال پرانے موجودہ صدارتی طیارے کے مقابلے میں زیادہ جدید اور بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک جدید ترین سرکاری طیارے استعمال کر رہے ہیں، اس لیے امریکا کو بھی نئے طیارے کی ضرورت تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے طیارے پر امریکی پرچم کو لہراتی ہوئی شکل میں ڈیزائن کیا گیا ہے، جو پہلے کے سیدھی لکیر نما ڈیزائن سے مختلف اور زیادہ دلکش ہے۔
واضح رہے کہ قطر نے ایک سال قبل یہ لگژری بوئنگ 747 طیارہ امریکا کو بطور تحفہ پیش کیا تھا، جسے ضروری تبدیلیوں کے بعد اب صدارتی بیڑے کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔






