راولپنڈی: بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیاد پر کی گئی دو کامیاب کارروائیوں میں بھارتی پراکسی دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اور 26 جون کو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشتگردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
دوسری کارروائی 26 جون کو مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشتگرد مارے گئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔






