شکرگڑھ: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے والے عناصر کسی نرمی کے مستحق نہیں۔
شکرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بعض عناصر پاکستان کے خلاف بھارت سے بھی زیادہ زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور افواجِ پاکستان و ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کر رہی ہے اور ملک نے معرکۂ حق اور سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مضبوط معیشت کے لیے ضروری ہے کہ ملک کو انتشار، فساد اور غیر یقینی صورتحال سے محفوظ رکھا جائے تاکہ ترقی کا سفر بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔
احسن اقبال نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نئے بجٹ میں برآمدات کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات رکھی گئی ہیں، جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔






