مقبوضہ مغربی کنارہ: اسرائیلی آبادکاروں نے گزشتہ شب مقبوضہ مغربی کنارے میں دو مساجد کو آگ لگا دی، جبکہ دیواروں پر نسل پرستانہ اور اشتعال انگیز نعرے بھی تحریر کیے۔
نابلس کے جنوب میں واقع قصبہ قصرہ کے میئر عبدالعظیم وادی کے مطابق آبادکاروں نے قصبے کے جنوبی حصے میں زیرِ تعمیر مسجد کو نذرِ آتش کیا اور اس کی دیواروں پر عبرانی زبان میں “انتقام” سمیت دیگر نعرے درج کیے۔
فلسطینی وزارتِ مذہبی امور کے مطابق طولکرم کے قریب گاؤں کور میں بھی ایک مسجد کو آگ لگا دی گئی، جہاں حملہ آوروں نے دیواروں پر نسل پرستانہ نعرے بھی لکھے۔

یاد رہے کہ جمعے کے روز گاؤں تل میں اسرائیلی آبادکاروں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں میں چار فلسطینی شہید جبکہ دو اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران آبادکاروں کے فلسطینیوں پر حملوں میں 63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں 660 حملے ہوئے، جبکہ 2025 کے اسی عرصے میں یہ تعداد 405 تھی۔
فلسطینی حکام کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں 1,185 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 250 بچے شامل ہیں، جبکہ صرف 2026 میں اب تک 87 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 21 افراد آبادکاروں کے حملوں میں جان سے گئے۔






