مظفرآباد: استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال قومی مفاد، شعور اور ذمہ داری کے ساتھ کریں کیونکہ ووٹ ہی خطے کے مستقبل کا فیصلہ کرتا ہے۔
ویڈیو پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے مقامی ریونیو کے مؤثر ذرائع پیدا کرنا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے، جبکہ سیاحت کے فروغ سے خطے میں کاروباری سرگرمیاں اور آمدنی میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ انتخابات عوام کو ہر پانچ سال بعد اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیتے ہیں، اس لیے ووٹ دیتے وقت نعروں یا ذاتی وابستگی کے بجائے کارکردگی، دیانت داری اور عوامی خدمت کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود بھی ووٹ ڈالیں اور اپنے اہلِ خانہ کو بھی پولنگ اسٹیشن لے جائیں تاکہ جمہوری عمل میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جا سکے۔






