جدہ میں ہونے والے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک طلائی اور 2 چاندی کے تمغے اپنے نام کرلیے۔
انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2 سے 8 اگست تک جدہ میں منعقد ہوا، جس میں 19 ممالک کے 120 طلبہ اور ماہرین نے شرکت کی۔ مقابلے میں چین، جاپان، روس، ترکیہ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے طلبہ شریک ہوئے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی ٹیم نے مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے محمد علی نے طلائی تمغہ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔
ایف جی سر سید کالج راولپنڈی کے محمد عثمان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ نیکسر کالج کراچی کی سیرت فاطمہ بھٹی نے بھی چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پاکستان 2027 میں انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کے چوتھے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔





