راولپنڈی: ترجمان راولپنڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مال روڈ پر سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کرنے والے دہشت گرد محمد حسین کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تھا، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔
ترجمان کے مطابق واقعہ آج دن سوا 11 بجے مال روڈ راولپنڈی پر پیش آیا، جہاں دہشت گرد نے سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ دہشت گرد کے قبضے سے موبائل فون اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے، جن سے مزید شواہد حاصل ہوئے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے مال روڈ فائرنگ کے واقعے میں پاکستان تحریک انصاف کو ملوث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ احتجاج میں اسلحے سے لیس ہوکر آتے ہیں اور اس جماعت نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا مقصد ملک میں انارکی پھیلانا ہے اور مال روڈ کے واقعے سے بہت سی چیزیں سامنے آگئی ہیں۔
تاہم پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے حکومتی الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا کبھی کسی دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں مارے جانے والے شخص کا تعلق کس گروہ سے تھا اور اس کی کارروائی کیا تھی، اس بارے میں وہ کچھ نہیں جانتے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک پرامن جماعت ہے اور دہشت گردی کے خلاف ہے، جماعت کسی پُرتشدد کارروائی کا حصہ نہیں بلکہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔






