کابل: افغانستان کے صوبے بدخشاں کے دارالحکومت فیض آباد کے میئر حبیب الرحمٰن منصور بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میئر کی گاڑی کو بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ بلدیہ کے ایک ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ میئر کو ان کے دفتر کے قریب نصب کیے گئے بم سے نشانہ بنایا گیا۔
افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق افغان قومی مزاحمتی فرنٹ (این آر ایف) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی میں میئر کا ایک گارڈ بھی مارا گیا۔
دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تقریباً دو ہفتے قبل بھی بدخشاں میں محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ ذبیح اللہ امیری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔






