کراچی: حکومتی نمائندوں سے مذاکرات کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی کے گورنر ہاؤس میں ٹرانسپورٹرز اور حکومتی نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوئے، جن میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد شریک ہوئے۔
مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک شہزاد نے کہا کہ حکومتی یقین دہانیوں کے بعد ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال گزشتہ 9 روز سے جاری تھی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور اس کے لیے 15 دن کا وقت لیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ بھی 15 دن یا ایک ماہ کے بعد کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ملک شہزاد کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ٹول ٹیکس میں کمی کے معاملے پر کمیٹی تشکیل دینے اور نظرثانی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ حکومت نے 10 وہیلر گاڑیوں کو مناسب وزن کی اجازت دینے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہڑتال ختم نہیں بلکہ مؤخر کی گئی ہے۔ اگر حکومتی یقین دہانیوں پر عمل نہ ہوا تو ٹرانسپورٹرز دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔






