پیٹرولیم لیوی واپس لینے تک جدوجہد جاری رہے گی: حافظ نعیم الرحمان

0
68

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے، پیٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاجی جدوجہد جاری رہے گی۔

لاہور کے فیصل چوک مال روڈ پر پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے دھرنا شروع کردیا ہے اور یہ احتجاج جاری رہے گا، جبکہ کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر بھی دھرنا دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت اپنے فیصلوں سے پیچھے نہیں ہٹتی، جدوجہد جاری رہے گی۔ حکومت کی جانب سے کمیٹی بنانے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو کسی بریفنگ کی ضرورت نہیں، حکومت کو خود احتجاجی مقام پر آکر بات کرنا ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ مذاکرات میں بنیادی مطالبہ صرف ایک ہے کہ پیٹرولیم لیوی واپس لی جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ نظام کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، یہ نظام مزید نہیں چل سکتا۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی عوام پر اضافی بوجھ ہے جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے حکمران طبقے اور جاگیرداروں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بڑے جاگیردار اور بیوروکریٹس ٹیکس نہیں دیتے، جبکہ غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھایا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مراعات یافتہ طبقے کو اپنی مراعات ختم کرنا ہوں گی اور عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی، لاہور اور پشاور میں گورنر ہاؤسز کے باہر مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنے جاری ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا