کراچی: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کراچی حیدرآباد روڈ کسی بھی طرح موٹر وے کہلانے کے لائق نہیں، سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹر وے کا کام رواں سال شروع کیا جائے گا۔
کراچی کے گورنر ہاؤس میں گڈز ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ کراچی حیدرآباد روڈ کو موٹر وے قرار نہیں دیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سکھر سے حیدرآباد اور پھر کراچی تک نئی موٹر وے کی تعمیر کا کام اسی سال شروع کرے گی۔ حکومت ایسے معاملات میں نہیں پڑنا چاہتی جن سے مزید تنازع پیدا ہو۔
وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے متعدد حل طلب مسائل پر پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ بعض مطالبات کے لیے ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کرنا باقی ہیں۔
عبدالعلیم خان نے بتایا کہ ان مطالبات پر پیش رفت کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور متعلقہ معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔






