وزیراعظم شہباز شریف سے شامی وزیر خارجہ کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

0
204

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، دفاعی، تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور شام کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کو مزید عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا اور پاکستان سے شام جانے والے زائرین کو بھی سہولت ملے گی۔

شہباز شریف نے گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے مؤقف کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے شامی صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

شام کی تعمیر نو میں تعاون کی خواہش

شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور شام کی سیاسی صورتحال اور تعمیر نو کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

اسعد حسن الشیبانی نے گزشتہ برسوں کے دوران شام کے لیے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شام پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شام اس وقت ملک کی تعمیر نو میں مصروف ہے اور پاکستان کے ساتھ تاریخی تعلقات کو نئی سطح پر لے جانا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔

فلسطین، گولان اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت

اس سے قبل شامی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں فلسطین، گولان کی پہاڑیوں، افغانستان اور جنوبی ایشیا و مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے ایک مرتبہ پھر شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

شامی وزیر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی کی مذمت

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسعد حسن الشیبانی نے کہا کہ شام افغانستان سے پاکستان پر ہونے والے کسی بھی دہشتگرد حملے کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی کو روکے۔

شامی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ان کے دورہ پاکستان کے دوران ایران کے ساتھ مصالحت کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں پاکستان ایران کے معاملے میں کوئی کردار ادا کرنا چاہے تو شام کو اس پر اعتراض نہیں ہوگا۔

انہوں نے لبنان کے استحکام کے لیے شام کی حمایت کا بھی اعادہ کرتے ہوئے ایران پر زور دیا کہ وہ لبنان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا