لاہور(روزنامہ طلوع ) صدر پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی کو ایک ماہ کیلئے نظر بند کر دیا گیا۔چودھری پرویز الہٰی کو تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلئے نظربند کیا گیا ہے،
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پرویز الہٰی آئندہ ایک ماہ کیمپ جیل میں رہیں گے، پرویز الہٰی کے خلاف تین مقدمات درج ہیں، وہ پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنما ہیں، اس لئے ان سے امن و امان کو نقصان ہو سکتا ہے۔نوٹیفکیشن میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں 2، غالب مارکیٹ میں درج ایک مقدمے کا ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی ان کیسز میں پولیس کو مطلوب بھی ہیں۔واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور کی جانب سے پرویز الہٰی کی نظر بندی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ لکھا گیا تھا۔
دریں اثناپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے نظربندی احکامات کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔پرویز الہٰی کی جانب سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پرویز الہٰی کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور ہو چکی ہے، عدالت دہشتگردی کے مقدمے میں بھی پرویز الہٰی کو حفاظتی ضمانت دے چکی ہے۔درخواست میں عدالت سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی نظر بندی کے احکامات کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔یاد رہے ڈی سی لاہور نے نقص امن کے خدشے کے پیش نظر رہنما تحریک انصاف کو ایک ماہ نظر بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔






