اسلام آباد(طلوع نیوز) سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی کیخلاف درخواست پر وکیل حامد خان کی استدعا منظور کرتے ہوئے غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔
جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف آپ نئی اپیل بھی دائر کرسکتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس اپنی باری پر سنا جائے گا۔تفصیلا ت مطابق کے مطابق سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،
جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک بینچ میں شامل تھے۔وکیل حامد خان نے کہاکہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایک فیصلہ آیا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں درخواست میں کچھ ترمیم کرنا چاہتا ہوں،اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا جائزہ لینا چاہتا ہوں۔جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تو نیا آرڈر آیا ہے
،جس آرڈر کیخلاف آپ کی اپیل ہے اسے ہم اب بھی سن سکتے ہیں۔حامد خان نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ اپیل کے فیصلے کا جائزہ لینے کی مہلت دیں۔عدالت نے حامد خان کی استدعا منظور کرکے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف آپ نئی اپیل بھی دائر کرسکتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس اپنی باری پر سنا جائے گا۔






