لاہور (طلوع نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، قومی اسمبلی میں سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ لاڈلا اور متبادل لاڈلا کا کھیل مسلط کررہی ہے، قومی سیاست اور انتخابی عمل طویل مدت سے بڑی منصوبہ سازی کے ساتھ بے اصول، جذباتیت، مفادات اور بے سمت زہریلی پولرائزیشن کا شکار رکھی گئی ہے۔لیاقت بلوچ نے ان خیالات کا اظہار منصورہ میں مرکزی الیکشن سیل کے اجلاس اور لاہور میں بھرپور انتخابی مہم کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مشاورتی اجلاسوں میں امیرالعظیم، فرید احمد پراچہ، محمد جاوید قصوری، ضیا الدین انصاری، ذکراللہ مجاہد، خالدبٹ، اخلاق احمد اور دیگر رہنما موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ سابق وزیراعظم، سابق اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کی شہادت المناک قتل اور بڑا قومی سانحہ تھا۔ مرحومہ کے ساتھ قومی اسمبلی، اپوزیشن اور قومی سیاسی محاذ پر کام کا موقع ملا۔ وہ باصلاحیت اور جراتمند لیڈر تھیں۔ یہ بڑا المیہ ہے کہ دیگر تمام حکومتوں سمیت پی پی پی کی حکومتیں بھی بینظیر قتل کے سانحہ کو بے نقاب نہ کرسکیں۔ بینظیر بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کی سیاست کو تسلسل دیا لیکن بعد میں پی پی پی حکمرانی، مفاداتی اور بدعنوانی کے سمندر میں غرق ہوگئی۔ انہوںنے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے کارکنان کو ملک گیر بھرپور انتخابی مہم کے ذریعے ووٹرز کو ترازو نشان پر مہر لگانے کے لیے قائل کرنا ہے اور رملک و مِلت پر مسلط بے یقینی، مایوسی اور بے اعتمادی کے بحرانوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ ملک بھر میں قومی، صوبائی اسمبلی حلقہ جات اور خواتین، اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیئے گئے ہیں،ترجیحی فہرستیں بھی اسلام آباد اور چاروں صوبائی الیکشن کمیشن دفاتر میں جمع کرادی ہیں۔ نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قومی سیاست اور انتخابی عمل طویل مدت سے بڑی منصوبہ سازی کے ساتھ بے اصول، جذباتیت، مفادات اور بے سمت زہریلی پولرائزیشن کا شکار رکھی گئی ہے۔ نااہل، بے صلاحیت دو دھڑوں کو پوری حکمت سے قوم پر مسلط رکھا جاتا ہے۔ اب بھی اسٹیبلشمنٹ لاڈلہ اور متبادل لاڈلہ کا کھیل مسلط کررہی ہے۔ انجام اِس کا بھی خراب ہی ہوگا۔ جماعتِ اسلامی ملک گیر انتخابی مہم میں ووٹرز کو اِن سازشوں کو شکست دینے کے لیے تیار کرے گی۔





