اسلام آباد(طلوع نیوز)قومی شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجرا کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد افضل خان نیازی کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے ٹیم نے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 4 رکنی گینگ گرفتار کر لیا ہے ، گرفتار ملزمان میں محمد طاہر، عدنان عمار، محمد عامر خان اور محمد طیب شامل شامل ہیں ۔مذکورہ ملزمان نادرا میگا سینٹر اسلام آباد میں مختلف عہدوں پر تعینات رہے ۔ ملزمان نے دوران تعیناتی سال 2019 اور 2020 میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے۔ملزمان غیر قانونی طریقے سے احساس پروگرام کے نام پر مزدور طبقے کا بائیو میٹرک لیتے تھے اور فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھے۔ملزمان مختلف ایجنٹوں کی ملی بھگت سے سادہ لوح شہریوں کو رقوم کا لالچ دے کر اپنے جال میں پھنساتے تھے۔گرفتار ملزمان مزدور طبقے کو چند روپوں کا لالچ دے کر فیملی ٹری کا غیر قانونی استعمال بھی کرتے تھے۔ملزمان نے متعدد مزدوروں کی فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کیا۔ملزمان دیہاڑی دار مزدور کو افغان شہریوں کا والد ظاہر کرتے تھے۔دوران تعیناتی گرفتار ملزمان نے متعدد شناختی کارڈز جاری کئے۔ملزمان نے شناختی کارڈ جاری کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کیں۔چاروں ملزمان کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، مزید انکشافات متوقع ہیں ۔