اسلام آباد (طلوع نیوز)وزارت دفاع کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمود الزمان خان نے تینوں سروسز چیفس کو خطوط لکھے ہیں۔سیکرٹری دفاع نے آرمی چیف، ائیر چیف اور نیول چیف کو خطوط لکھے، تینوں سروسز چیفس کو سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں خطوط لکھے گئے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق سیکریٹری دفاع نے فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن میں اپنے جمع کرائے گئے تحریری بیان میں بتایا کہ انہوں نے فیض آباد میں 2017 کو ہونے والے دھرنے میں ملوث افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کیلئے بری، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان کو خطوط ارسال کردیے ہیں۔خطوط میں تینوں سروسز چیفس کو 2017 کے دھرنے کے متعلقہ افسران کے کردار کا جائزہ لیکر کارروائی کا کہاگیا ہے۔کمیشن نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعلی پنجاب کی حیثیت سے طلب کر رکھا ہے۔ انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ 22 جنوری کوسپریم کورٹ میں جمع کرانی ہے۔اس سے قبل سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید بھی کمیشن میں اپنا تحریری بیان جمع کراچکے ہیں جس میں انہوں نے کمیشن کے سوالوں کے جواب دئیے تھے اور موقف اختیار کیا کہ فیض آباد دھرنے کے وقت اسوقت کی حکومت کیخلاف کسی قسم کی سازش نہیں کی گئی تھی۔انہوں نے اپنے جواب میں یہ بھی لکھا کہ دھرنے والوں کے ساتھ مذاکرات اس وقت کی حکومت کی ہدایت پر کیے گئے تھے۔یہ بھی یاد رہے کہ نومبر 2023 میں نگران حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے 3 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔3 رکنی کمیشن کے سامنے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم فواد حسن فواد سمیت کئی افسران پیش ہوچکے ہیں۔





