بلیدہ :ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 5 جوان شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک کردیئے آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کیچ کےعلاقے بلیدہ میں سیکیورٹی فورسز نےآپریشن کیا، جس کے دوران دہشت گردوں نے فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا۔بعد ازاں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جس میں 5 جوان شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسزنے جوابی کارروائی کرکے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں سپاہی ٹیپو رزاق، سپاہی سنی شوکت، سپاہی شفیع اللّٰہ، لانس نائیک طارق علی اور سپاہی محمد طارق خان شامل ہیں۔
دوسری طرف خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے دو آپریشنز میں چار دہشت گرد مارے گئے۔۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کمانڈر تبسم عرف قادرمان اورساجد عرف سرکنڈی شامل ہیں۔جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک شدگان سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ لوگ فورسز پرحملوں، دہشت گردی کی کارروائیوں بھتہ خوری، بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے،۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مذکور دہشت گرد انتہائی مطلوب تھے۔






