اسلام آباد (طلوع نیوز)لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں جس کے تحت سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔
اس اہم ترین ملاقات میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اوراسحاق ڈار شریک تھے جہاں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنی ملک واپسی کے منصوبے سے متعلق وزیراعظم کو بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل، معاشی چیلنجز سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔
سابق وزیر خزانہ نے وطن واپسی بارے اپنے پلان بارے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں ملاقات میں اسحاق ڈار کی واپسی اور سینیٹ حلف کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی۔
اسحاق ڈار آئندہ ہفتے ملک واپس آکر احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ اسحاق ڈار کو ملک واپسی پر موجودہ وزارت خزانہ کی ٹیم ملک کی موجودہ معاشی حالات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق سنیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے، معیشت کو کیسے سنبھالا دیا جائے، مہنگائی اور ڈالر کو کم کرنے پر بھی مشاورت ہوئی۔






