کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کے وفد نے جمعرات کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کا دورہ کیا اور منیجنگ ڈائریکٹر عمران منیر اور جنرل منیجر کامران ناگی سے ملاقات کی۔ وفد نے اپنے اپنے حلقوں بالخصوص کراچی میں لوڈ شیڈنگ، گیس پریشر کم ہونے، پائپ لائن لیکج اور پائپ لائنوں کو پی وی پائپ میں تبدیل کرنے سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں ایم این ایز آسیہ اسحاق، احمد سلیم صدیقی، عامر معین پیرزادہ، ایم پی ایز نجم مرزا، طحہٰ خان، شارق جمال، معاذ محبوب اور عادل عسکری شامل تھے۔ انہوں نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کی معطلی اور گیس پریشر میں کمی کے حوالے سے عوامی خدشات سے آگاہ کیا۔ وفد نے گیس کی مکمل معطلی کا سامنا کرنے والے علاقوں میں گیس کی فراہمی فوری طور پر بحال کرنے پر زور دیا۔ فریقین نے عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر تین ماہ بعد باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔





