سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے فوری امداد فراہم کی جائے، وزیراعظم کو اس حوالے سے درخواست کی جا چکی ہے، لیکن تاخیر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سیلاب سے نقصانات ہو رہے ہیں، عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، اور سندھ میں سیلاب سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ بلاول نے کہا کہ پاکستان کی زراعت اور کسان پہلے ہی مشکلات کا شکار تھے اور اب سیلاب سے ان کا مزید نقصان ہوا ہے، لہٰذا زرعی ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے اور کسان کی مکمل مدد کی جائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پارٹی ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر کی حمایت کرتی ہے، جبکہ متنازع ڈیموں پر سیاسی اختلاف کی وجہ سے آواز اٹھائی جاتی ہے۔






