اسلام آباد: فیڈرل کانسٹیبلری کا ہیڈکوارٹر پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، کمانڈنٹ و ڈپٹی کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر کے لیے موزوں اراضی مختص کی جائے گی اور اس کا ماسٹر پلان جلد پیش کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے ہدایت دی کہ زمین کی نشاندہی کے دوران ہیڈکوارٹر اور ٹریننگ کی ضروریات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو جدید بنیادوں پر استوار کرکے ایک منظم اور فعال فورس بنایا جائے گا۔





