آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قصور سیکٹر اور جلالپور پیر والا کے فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری اور بحالی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، اس لیے انفرا اسٹرکچر کی ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی ناگزیر ہے۔ انہوں نے متاثرہ عوام سے ملاقات کی اور سول و فوجی اداروں کے باہمی تعاون کو سراہا۔
فیلڈ مارشل نے مشکل حالات میں ریلیف آپریشنز میں مصروف فوجی جوانوں، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں کے حوصلے اور خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔





