سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد بھارت کے حمایت یافتہ نیٹ ورک سے تعلق رکھتے تھے اور مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر حملے کیے گئے اور فائرنگ کے تبادلے میں خوارج کو ہلاک کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ مارے گئے دہشت گرد دسمبر 2023 میں درابن خودکش حملے، سرکاری اہلکاروں اور شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ سمیت کئی وارداتوں میں سہولت کار رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید کلیئرنس کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے جبکہ فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔






