پشاور: پاکستان تحریک انصاف آج پشاور کے رنگ روڈ پر جلسہ کرے گی جس میں ملک بھر سے کارکنان کی آمد متوقع ہے۔ جلسہ گاہ میں سٹیج اور کرسیاں نصب کر دی گئی ہیں جبکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
جلسے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرگان علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی شریک ہوں گی۔
پی ٹی آئی رہنما مینا خان آفریدی کے مطابق یہ اجتماع تاریخی ہوگا جس میں 5 لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ عمران خان کی کال پر منعقد ہو رہا ہے، ماضی کی طرح یہ اجتماع بھی ایک بڑی سیاسی سرگرمی ثابت ہوگا۔
سرکاری سطح پر خیبر پختونخوا حکومت کی موجودگی کے باعث تیاریوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئی۔ سرکاری مشینری جلسہ گاہ کی صفائی اور دیگر انتظامات میں مصروف رہی، جبکہ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی پولیس کی ذمہ داری ہے اور باقی انتظامات پارٹی کے اخراجات پر مکمل کیے جا رہے ہیں۔






