عالمی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 میں میزبان پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا چوتھا گروپ میچ بھی جیت لیا اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ گروپ بی میں فائنل فور کی دوسری ٹیموں کا فیصلہ امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے بعد ہوگا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے۔ کپتان اور سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق 56 گیندوں پر 99 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔ نائب کپتان فواد عالم نے ذمہ دارانہ 53 رنز اسکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس دکھائی دی اور 9 وکٹوں پر 100 رنز ہی بنا سکی۔ ذوالفقار بابر اور محمد علی نے 2، 2 شکار کیے۔
گروپ اے کے دیگر میچوں میں یو اے ای نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ جنوبی افریقہ نے ہانگ کانگ کو 25 رنز سے ہرایا۔
گروپ بی میں آسٹریلیا نے امریکا کو 6 وکٹوں سے مات دی، ریسٹ آف دی گلف نے ریسٹ آف دی ورلڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی جبکہ سری لنکا نے زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے میں 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔
ایونٹ کا پانچواں اور آخری راؤنڈ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
گروپ اے میں پاکستان کا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا جبکہ جنوبی افریقہ یو اے ای اور ہانگ کانگ ویسٹ انڈیز کے آمنے سامنے ہوں گے۔
گروپ بی میں آسٹریلیا کا زمبابوے، امریکا کا ریسٹ آف دی ورلڈ اور سری لنکا کا ریسٹ آف دی گلف سے مقابلہ ہوگا۔






