معرکۂ حق دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن جنگ تھی، دشمن کو عبرتناک شکست دی گئی: فیلڈ مارشل عاصم منیر

0
1013

راولپنڈی: چیف آف آرمڈ فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معرکۂ حق صرف دو ممالک کے درمیان جنگ نہیں بلکہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔

جی ایچ کیو میں معرکۂ حق کی یاد میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ایک سال قبل دشمن نے پاکستان کے قومی عزم، خودمختاری اور وقار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن مسلح افواج نے بھرپور اور مؤثر جواب دے کر دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔

انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب سے 10 مئی تک دشمن نے جارحیت کا مظاہرہ کیا مگر پاک افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی یکجہتی کی بدولت دشمن کو شکست سے دوچار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا گیا اور آئندہ بھی ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن پاکستان کو عسکری اور سفارتی دباؤ میں لانا چاہتا تھا لیکن افواجِ پاکستان کبھی طاقت کے سامنے جھکی ہیں نہ آئندہ جھکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے خواب اس کی صلاحیت سے کہیں بڑے ہیں اور پاکستان انہیں کبھی پورا نہیں ہونے دے گا۔

انہوں نے معرکۂ حق میں شہید ہونے والے شہریوں، خواتین اور بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دفاع وطن میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دشمن کے میزائل گرے تو پاکستانی عوام خوفزدہ ہونے کے بجائے وطن کے دفاع کے لیے متحد ہوکر سامنے آئے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جدید جنگی حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے جدید طیارے تباہ کیے جبکہ فتح میزائلوں اور دیگر دفاعی نظاموں کے ذریعے دشمن کے 26 سے زائد عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا دفاع ہر قسم کی بیرونی جارحیت کے خلاف ناقابلِ تسخیر ہے اور اگر مستقبل میں کسی نے مہم جوئی کی کوشش کی تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔

خطاب میں انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا جبکہ افغانستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا مکمل خاتمہ کرے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور مؤثر سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کشمیر کے مسئلے کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا