ناگپور(نیوزڈیسک):بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناگپور میں جو آر ایس ایس کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، پنچایتی انتخابات میں بی جے پی کو شدید دھچکہ لگا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ناگپور میں پنچایتی کمیٹی کے چیئر پرسن کی13سیٹوں پر ہونے والے انتخابات میں بی جے پی ایک پر بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے جبکہ ریاستی حکومت میں شامل ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا کو محض ایک سیٹ پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔
انتخابات میں کانگریس نے9سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو 3سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔ یعنی مہاوکاس اگھاڑی کا حصہ رہنے والی دو پارٹیوں نے مجموعی طور پرچیئرپرسن کی12 نشستوں پر کامیابی سمیٹی ہے۔ یہ نہ صرف بی جے پی کے لیے بلکہ وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے کی گروپ والی شیوسینا پارٹی کے لئے بھی زوردار جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بی جے پی کی اس ناکامی کا خوب چرچہ ہے۔ کچھ ایسے پوسٹس سامنے آئے ہیں جن میں بی جے پی کے زوال کو ان کی غلط سیاسی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔






