اسلام آباد: ملک میں شدید مون سون بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 657 تک پہنچ گئی ہے۔ مختلف شہروں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 171 بچے، 94 خواتین اور 392 مرد شامل ہیں، جبکہ 920 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مون سون بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا ہے جہاں 373 افراد ہلاک اور کئی لوگ لاپتا ہیں۔ اس کے علاوہ ہلاکتیں پنجاب میں 164، سندھ میں 28، بلوچستان میں 20، گلگت بلتستان میں 32، آزاد کشمیر میں 15 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 ریکارڈ کی گئی ہیں۔






