وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے سیلاب متاثرین کے لیے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جب کہ کابینہ ارکان اپنی پندرہ دن کی تنخواہ سیلاب زدگان کو دیں گے۔
اعلان کے مطابق ارکان صوبائی اسمبلی 7 دن کی، گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین 2 دن کی، جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عطیات کے شفاف استعمال کے لیے پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) میں خصوصی اکاؤنٹ قائم کیا جائے گا، جس میں جمع ہونے والے فنڈز کی مکمل تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کمشنر مردان ڈویژن اور دیگر حکام سے رابطہ کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر صوابی کو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے بھی خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر متاثرہ عوام کی بحالی کو یقینی بنائیں گی۔






