کراچی: شہر میں منگل کی صبح سے جاری موسلا دھار بارش نے شہری زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 76.9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلشن حدید میں 75 ملی میٹر اور یونیورسٹی روڈ پر 59 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کیماڑی میں 30 ملی میٹر اور سعدی ٹاؤن میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شارع فیصل پر 17 ملی میٹر، گلشن معمار میں 11 ملی میٹر، ائیرپورٹ پر 13 ملی میٹر، کورنگی میں 14.6 اور اورنگی میں 12.2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شہر میں منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ قائد آباد، لانڈھی، ملیر اور دیگر علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوا، جبکہ شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم آر کیانی روڈ سمیت شہر کی بیشتر شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔






