پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری آرہی ہے۔ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، توانائی اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ نواز شریف نے ایرانی صدر کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات کو بلند ترین سطح تک لے جانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورے سے باہمی شراکت داری مزید فروغ پائی ہے، پاکستان سیلاب سے شدید متاثر ہے اور اس موقع پر ایرانی عوام اور حکومت کی ہمدردی دیرینہ رشتے کی عکاس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں سیلابی نقصانات کے ازالے کے لیے بروقت اقدامات کیے گئے جس سے ہزاروں جانیں بچائی گئیں اور متاثرین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔
ایرانی سفیر نے پاکستانی قیادت اور عوام کا 12 روزہ جنگ کے دوران بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات دن بہ دن مضبوط ہورہے ہیں۔ انہوں نے لاہور کو ریجنل ہب قرار دیتے ہوئے سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے اقدامات کی تعریف کی اور بتایا کہ 300 سے زائد ایرانی طلبہ پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ سفیر نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اور قیادت کا غزہ کے مسئلے پر موقف قابل تحسین ہے اور سیلاب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ریلیف کی کوششیں بھی قابل تعریف ہیں۔






