خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ای۔پنشن سسٹم کے اجرا کی منظوری دے دی، جو یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مطابق یہ سسٹم مکمل طور پر پیپر لیس ہوگا اور ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کے لیے دفاتر کے چکر ختم ہو جائیں گے۔ ملازمین ریٹائرمنٹ سے 6 ماہ قبل آن لائن فارم پر کرکے پنشن کیس جمع کرا سکیں گے، تمام دستاویزات براہِ راست پورٹل پر اپ لوڈ ہوں گی۔
نیا نظام خودکار طریقے سے منظوری، سینکشن آرڈر، پنشن پیپرز اور پیمنٹ آرڈر ڈیجیٹل دستخط کے ساتھ تیار کرے گا۔ اس سسٹم کو نادرا، اے جی آفس اور بینکس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ مقررہ وقت میں پنشن براہ راست ریٹائرڈ ملازم کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو سکے۔
ای۔پنشن سسٹم کے اجرا سے پنشن کا عمل مہینوں سے کم ہو کر صرف 2 سے 4 ہفتوں تک محدود ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس اقدام سے شفافیت، جوابدہی اور عوامی سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی اور خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ ہوگا جو ای۔پنشن سسٹم شروع کرے گا۔





