ازمیر — ترکیہ کے شہر ازمیر کے قریب ایک پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 16 سالہ مشتبہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ بالچووا کے علاقے میں پیش آیا، جو ازمیر کے مغربی حصے میں واقع ہے۔ ترک وزیر داخلہ علی یرلکایا نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کے علاوہ ایک اہلکار شدید زخمی بھی ہوا ہے جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا کہ حملے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا اور مشتبہ نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا، جس سے تفتیش جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے مبینہ طور پر شاٹ گن کا استعمال کیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ازمیر کے میئر جمیل توگای نے اس واقعے کو “غدارانہ حملہ” قرار دیتے ہوئے جاں بحق اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ شہر کے امن کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔





