بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے بچے اپنے مرحوم والد اور صنعت کار سنجے کپور کی بھاری جائیداد میں حصہ لینے کے لیے عدالت پہنچ گئے ہیں۔ بیٹی سمائرا اور بیٹے کیان نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ والد کی 21 مارچ کو سامنے آنے والی وصیت جعلی اور غیر قانونی ہے، کیونکہ زندگی میں کبھی اس کا ذکر نہیں کیا گیا۔
اس وصیت کے تحت سنجے کپور نے تمام جائیداد اپنی بیوہ پریا کپور کے نام کر دی تھی، تاہم کرشمہ کپور اور بچوں کا کہنا ہے کہ یہ وصیت حقیقت پر مبنی نہیں اور ان کے والد کی 30 ہزار کروڑ روپے مالیت کی جائیداد میں بچوں کو برابر کا حق دیا جائے۔
سماعت کے دوران پریا کپور کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ بچوں کو پہلے ہی 1900 کروڑ روپے کے اثاثے مل چکے ہیں، مزید جائیداد کا دعویٰ درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرشمہ کپور کی سنجے کپور سے طلاق ہوچکی تھی، اس لیے بچوں کا دعویٰ برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔
خیال رہے کہ سنجے کپور رواں سال جون میں برطانیہ میں ایک پولو میچ کے دوران اچانک انتقال کر گئے تھے۔ ان کی کرشمہ کپور سے 2003 میں شادی ہوئی تھی جو 2015 میں طلاق پر ختم ہوئی۔






