قطر کی عوام تنہا نہیں، پاکستان ان کے ساتھ ہے: وزیراعظم شہباز شریف

0
193

اسلام آباد/دوحہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ پر اسرائیلی حملے کے بعد قطر کی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک روزہ سرکاری دورہ کیا اور کہا کہ پاکستان ہر حال میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی ملاقات قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ہوئی۔ وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی مسلسل جارحیت کو روکنا ہوگا اور امت مسلمہ کو متحد ہو کر اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے غزہ میں قیام امن کی کوششوں میں قطر کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کی جبکہ پاکستان نے 15 ستمبر کو ہونے والے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے شریک میزبان بننے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر رواں سال کے آغاز میں بھارت کی جارحیت کے دوران پاکستان کے لیے قطر کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

قطر کے امیر نے اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، بین الاقوامی قوانین کے احترام اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا