افغانستان پاکستان یا دہشتگردوں میں سے ایک کا انتخاب کرے،وزیر اعظم کا دوٹوک پیغام

0
195

بنوں: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جنوبی وزیرستان آپریشن میں شہید ہونے والے 12 جوانوں کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعدازاں دونوں رہنماؤں نے سی ایم ایچ بنوں میں زخمی جوانوں کی عیادت بھی کی۔

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے دہشت گردی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی، جس میں کور کمانڈر پشاور نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی ابہام نہیں رکھا جائے گا اور بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے عناصر کے سرغنے اور سہولت کار افغانستان میں موجود ہیں جنہیں ہندوستان کی پشت پناہی حاصل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کو دو ٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان یا خارجی عناصر میں سے ایک کا انتخاب کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے بیشتر واقعات میں افغان باشندے ملوث ہیں جو سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں، اس لیے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کا انخلا ناگزیر ہے۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے معاملے پر سیاست اور گمراہ کن بیانیے کو یکسر رد کرتی ہے۔ جو بھی ہندوستانی پراکسیوں یا خارجی عناصر کی سہولت کاری کرے گا اسے اسی زبان میں جواب دیا جائے گا جس کا وہ حق دار ہے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام، ریاست اور افواج پاکستان مل کر ہندوستانی پراکسیوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہیں اور دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر اقدامات کے لیے فوری انتظامی و قانونی فیصلے کیے جائیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا