وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان میں تعینات افغان سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات کی اور افغانستان میں حالیہ زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے متاثرین کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی اور کہا کہ صوبائی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
افغان سفیر نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے امداد پر شکریہ ادا کیا اور خیر سگالی کی قدردانی کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی امن، وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین کے مسائل، اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر بھی گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔





