دوحہ میں جاری عرب و اسلامی وزرائے خارجہ اجلاس میں قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت ناقابلِ برداشت ہے اور اس کا سخت و مؤثر جواب دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری دوہرا معیار چھوڑے اور اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت سعودی عرب، ترکی، یمن اور دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے، جنہوں نے اسرائیلی حملے کی مذمت اور قطر کی خودمختاری کے تحفظ کے اقدامات کی حمایت کی۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا، وہ جان بوجھ کر جنگ کو خطے تک پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم اسرائیلی اقدامات غزہ جنگ بندی کیلئے قطر کی ثالثی کوششوں کو روک نہیں سکتے۔





