اسلام آباد: بحریہ ٹاؤن اسلام آباد کی پرامن فضاؤں میں ایک اوباش نوجوان نے لاپرواہی اور خطرناک کرتبوں سے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق نوجوان نے گاڑی کو اس قدر خطرناک انداز میں دوڑایا کہ دیکھنے والوں کے دل دہل گئے۔ حیران کن طور پر ڈرائیور اپنی ہی گاڑی کے اسٹیئرنگ پر موجود نہیں تھا بلکہ چھت والے شیشے سے باہر کھڑا ہو کر کرتب دکھا رہا تھا۔

ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک اس طرح کے “روڈ گینگسٹرز” آزاد گھومتے رہیں گے؟ عوام کا مطالبہ ہے کہ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس فوری کارروائی کریں، نوجوان کی شناخت کر کے اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
شہریوں نے واضح پیغام دیا کہ یہ سڑک ہے یا سرکس؟ جان لیوا کھیل اب مزید برداشت نہیں۔
اس حوالے سے ایس ایچ او لوہی بھیر فواد خالد نے بتایا کہ ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور جلد ہی یہ نوجوان قانون کی گرفت میں ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی مجرم قانون سے بالاتر نہیں ہے۔





