دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی نے کہا کہ اسرائیل نے انسانیت کے خلاف جرائم میں تمام حدیں پار کر دی ہیں اور ’’گریٹر اسرائیل‘‘ کا ایجنڈا عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، قطر نے ثالثی کی کوششیں کیں لیکن اسرائیل نے امن عمل کو سبوتاژ کیا اور عالمی قوانین کی سنگین پامالی کی۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم اور بڑھتے ہوئے حملے مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سمجھتا ہے کہ اس سے کوئی پوچھنے والا نہیں، مگر کھلی جارحیت اور جرائم پر اسے رعایت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اجلاس سے دنیا کے لیے ایک واضح اور مضبوط پیغام جائے گا۔




