وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی فرنٹیئر کور ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹر پہنچے اور ضلع کیچ میں شہید ہونے والے کیپٹن وقار احمد اور چار جوانوں کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
نماز جنازہ میں آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل بلال سرفراز خان، اعلیٰ عسکری و سول حکام سمیت دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔ شہداء میں کیپٹن وقار احمد، نائیک عصمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، لانس نائیک خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں۔ شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی، جبکہ محسن نقوی اور میجر جنرل بلال سرفراز نے شہداء کے جسدِ خاکی کو کندھا بھی دیا۔
وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن وقار احمد اور ساتھی جوانوں نے فرض کی راہ میں جانیں قربان کر کے ایک عظیم مثال قائم کی۔ قوم ان لازوال قربانیوں کی مقروض ہے اور شہداء کے خاندان ہمارے اپنے خاندان ہیں۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل بلال سرفراز خان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کی دلیل ہیں۔





