کوئٹہ — فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم وِنگ نے حساس کارروائی کے دوران خاتون کو ہراساں اور بلیک میل کرنے والے گروہ کے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
متاثرہ خاتون نے شکایت کی تھی کہ چند افراد اس کی نازیبا ویڈیوز کے ذریعے اسے اور اس کے والد و منگیتر کو بلیک میل کر رہے ہیں اور یہ ویڈیوز واٹس ایپ پر غیرقانونی طور پر پھیلائی جا رہی ہیں۔
شکایت موصول ہونے کے بعد FIA کی سائبر کرائم ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم رانا محمد معظم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا۔ چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، ڈیجیٹل مواد اور دیگر شواہد برآمد کیے گئے، جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 21 اور 24 کے ساتھ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 109 کے تحت درج کیا۔ عدالت نے دونوں گرفتار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے، اور مزید تفتیش کے لیے کارروائی جاری ہے تاکہ گروہ کے دیگر ممکنہ ارکان کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے۔






