اسلام آباد انٹرنیشنل یونیورسٹی پاکستان کے زیر اہتمام، اسلامی نظریاتی کونسل، نیشنل رحمۃ للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی اور ادارہ تحقیقات اسلامی کے اشتراک سے تین روزہ بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کی صدارت وارث علوم و معارف حافظ الحدیث شیخ الحدیث ڈاکٹر الحاج مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ صاحب مشہدی دامت برکاتہم العالیہ نے فرمائی، جبکہ آپ کے صاحبزادہ محمد ہارون جلال مشہدی صاحب نے عربی زبان میں مقالہ پیش کیا۔

کانفرنس کی سرپرستی آبشار علم و حکمت ظفر اہلسنت، پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی صاحب، چانسلر اسلام آباد انٹرنیشنل یونیورسٹی پاکستان نے کی۔ اس دوران سات سیشنز ہوئے جن میں سو سے زائد مقالہ نگاروں نے اپنے مقالے پیش کیے۔ ان میں ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی صاحب کے صاحبزادگان، ریسرچ اسکالرز الازہر یونیورسٹی قاہرہ، مصر، بھی شامل تھے۔

بین الاقوامی کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی، سابق نائب صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر ساجد الرحمن، وائس چانسلر پریسٹن یونیورسٹی ڈاکٹر ملک محمد داؤد اعوان، ڈائریکٹر جنرل نمل یونیورسٹی بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) شہزاد منیر، اور دیگر معروف علماء و اساتذہ نے شرکت کی۔

کانفرنس میں ملک کے طول و عرض سے محققین اور دانشور حضرات نے بھی حصہ لیا۔ چانسلر اسلام آباد انٹرنیشنل یونیورسٹی، ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی نے حکومت کے لیے سفارشات کا خلاصہ پیش کیا، جو بعد میں سرکاری سطح پر پیش کی جائیں گی۔
کانفرنس کے اختتام پر مہمانانِ گرامی اور عوام الناس کے لیے وافر مقدار میں کھانے کا انتظام بھی کیا گیا۔