اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ملزم عمر حیات پر فردِ جرم عائد کر دی۔
ملزم عمر حیات کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ جج نے استفسار کیا کہ “کیا آپ نے ثنا یوسف کو قتل کیا؟” ملزم نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ سب جھوٹ ہے، میں نے ایسا کوئی جرم نہیں کیا۔”
جج نے مزید پوچھا کہ آپ پر الزام ہے کہ آپ نے مقتولہ کا موبائل فون بھی چھینا تھا۔ عمر حیات نے جواب دیا کہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
عدالت نے ملزم پر فردِ جرم عائد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ تھانہ سنبل میں درج مقدمے کے مطابق، ملزم عمر حیات نے مبینہ طور پر ثنا یوسف کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی تھی جس سے وہ جاں بحق ہوگئیں۔