بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں ریکارڈ بارشوں نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا، اسکول اور دفاتر دو دن کے لیے بند کر دیے گئے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں میں 251.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جو 1988 کے بعد سب سے زیادہ ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں بارش 300 ملی میٹر سے بھی تجاوز کر گئی۔
بارشوں کے باعث 12 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے 9 کرنٹ لگنے، 2 ڈوبنے اور ایک دیوار گرنے سے جاں بحق ہوا۔ مرکزی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، گاڑیاں پھنس گئیں اور کئی لوگ شاہراؤں پر رات گزارنے پر مجبور ہوئے۔
ریل، میٹرو اور فضائی سروسز شدید متاثر ہوئیں، متعدد پروازیں اور ٹرینیں منسوخ یا تاخیر کا شکار رہیں، کئی علاقوں میں بجلی بھی بند رہی۔
درگہ پوجا کی تیاریوں کے لیے استعمال ہونے والا سامان اور مورتیاں بھی بارش کے پانی میں بہہ گئیں۔
ماہرین کے مطابق یہ بارش ممکنہ طور پر کلاؤڈ برسٹ کا نتیجہ ہو سکتی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال پر نیا کم دباؤ بننے کی وجہ سے آئندہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔