تہران: ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق وزارتِ انٹیلی جنس نے ایک بڑے آپریشن میں اسرائیل کے حساس جوہری منصوبوں اور سائنسدانوں سے متعلق لاکھوں صفحات پر مشتمل خفیہ دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرلی ہیں۔ یہ کارروائی جون میں مکمل کی گئی اور مواد محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے بعد منظرعام پر لایا گیا۔
ایرانی وزیرِ انٹیلی جنس اسماعیل خطیب نے کہا کہ دستاویزات میں سابقہ و جاری ایٹمی منصوبے، ہتھیاروں کی اپ گریڈیشن، امریکا و یورپی ممالک کے ساتھ تعاون، اور ذمہ دار ماہرین کی تفصیلات شامل ہیں۔ ان کے مطابق 189 اسرائیلی جوہری و عسکری ماہرین کی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دستاویزات میں امریکی و یورپی سائنسدانوں کے نام بھی شامل ہیں جو اسرائیل کے منصوبوں پر کام کر رہے تھے، جبکہ ان کے اداروں اور کمپنیوں کے پتے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔
ایرانی ٹی وی پر اسرائیلی جوہری تنصیبات کی ویڈیوز، ماہرین کی فوٹیجز اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی کی تصاویر بھی دکھائی گئیں۔ وزیر نے دعویٰ کیا کہ کئی اسرائیلی شہری اور ادارے مالی فوائد یا وزیراعظم سے نفرت کے باعث ایران کو خفیہ معلومات فراہم کرتے رہے۔