راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ کنگ حمد انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کا افتتاح پاکستان میں طبی تعلیم کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب میں جنرل ساحر شمشاد مرزا مہمانِ خصوصی جبکہ بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ اعزازی مہمان تھے۔ اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔
خطاب میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ یہ ادارہ اعلیٰ مہارت یافتہ طبی ماہرین تیار کرے گا اور نرسنگ و طبی شعبہ جات میں نئے عالمی معیار قائم کرے گا۔ انہوں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان صحت، تعلیم اور دفاع کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔






